Wednesday, March 27, 2013

مے آئی گوٹو (May I Go to)


مے آئی گوٹو (May I Go to) 
پرویز اشرفی
اسکول میں آج اس کا پہلا دن تھا۔ پرنسپل نے پہلے ہی گھنٹہ میں نویں درجہ میں پڑھانے کا حکم دیا۔ جیسے ہی درجہ میں اُس نے قدم رکھا پورے کلاس نے خاموشی کی چادر اوڑھ لی۔پیچھے بیٹھے ہوئے چند شرارتی طلباء اپنے نئے اُستاد کو دیکھ کر کھسر پھسر کرنے لگے۔ اکثر نئے اُستادیا طلباء جب کسی اسکول میں پہلی بار جاتے ہیں تو اس قسم کے ماحول سے سابقہ پڑتا ہے۔ اس کے ساتھ بھی ایسا ہی کچھ تھا۔ بچوں کی خاموشی اور اُن کے تجسس کو دیکھتے ہوئے اپناتعارف کرایا۔’’میرا نام سرفراز حسین ہے اور میں آپ لوگوں کو تاریخ پڑھاؤں گا۔‘‘ اس مختصر تعارف کے بعد سرفراز نے بلیک بورڈ کارُخ کیا اور مضمون کا عنوان لکھنے لگا۔
بچو! آج میں آپ کو دوسری جنگ عظیم کے بارے میں پڑھاؤں گا۔ اس کے اسباب اور نتائج پر بھی روشنی ڈالوں گا۔ لیکن اس سے پہلے میرا آپ سے ایک سوال ہے
’’سائنس اور تاریخ میں کون زیادہ اہم ہے؟ درجہ پر سکوت طاری تھا۔ سبھی بچے غور کرنے لگے۔ ایک بچے نے ہاتھ اُٹھایا۔ سرفراز صاحب نے سب سے پہلے اُس کا نام پوچھا۔
ؔ ؔ ’’میرا نام محسن ہے۔‘‘
’’بہت خوب! ماشاء اللہ بڑا پیارا نام ہے۔اچھا بیٹے بتاؤ کون اہم ہے؟‘‘
’’سائنس‘‘ بڑے اعتماد سے اُس نے جواب دیا۔
اسی طرح باری باری کئی لڑکوں سے سوال پوچھا سبھی نے تاریخ کو بورنگ، روکھا اور بے کار مضمون قرار دیا جس کی کوئی اہمیت نہیں لیکن سائنس کی اہمیت پر سب کا اتفاق تھا ۔ ایک طالب علم نے ہمت کرکے سرفراز سے ہی سوال کردیا۔
’’سر!آپ کا نظریہ کیا ہے؟‘‘
’’ہاں!تم نے بہت اچھا سوال کیا۔ میرے نزدیک ایک علم کا دوسرے علم سے ٹکراؤ نہیں ہوتا مگرہر ایک علم کی اپنی افادیت ہوتی ہے سبھی علوم کے ایک دوسرے سے رشتے ہوتے ہیں۔ ان میں تاریخ سب پر فوقیت رکھتا ہے۔‘‘
’’وہ کیسے۔۔۔سر؟‘‘ کئی بچوں نے جاننا چاہا۔
’’سرفراز نے سمجھاتے ہوئے کہا’’جتنے بھی علوم ہیں سب کی اپنی ذاتی اہمیت ہے۔ وہ صرف اپنے ہی بارے میں بتاتے ہیں۔ سائنس ہو یا جغرافیہ، علم کیمیاہویا علم طبیعات، ریاضی ہو یا جیومیٹری لیکن تاریخ ایسا مضمون ہے جو تمام علوم کے ذخیرہ کو محفوظ رکھتا ہے۔ اگر تاریخ نہ ہوتا تو ان تمام علوم وفنون کو کون جانتا۔ سرآئزک نیوٹن، البرٹ آئسٹائن، جیمس واٹ، تھامس الوایڈیسن، الیگزنڈر فلیمنگ،لوئس پاسچر، جابربن حیان،ابن الہیشم، بوعلی سینا، عمرخیام، الرازی، یوری گاگارین، نیل آرم اسٹرانگ، مائکل کولن، ایلون ایلڈرین جیسے سائنسدانوں کو کون جانتا، کون جانتا کہ چاند کی دھرتی پر قدم رکھنے والا پہلا آدمی نیل آرمسڑانگ ہے۔دنیا کہ دوسرا آدمی وہ ہے جس نے چاند کی سر زمین پر قدم رکھا جسے ایلون ایلڈرن کہتے ہیں اور مائیکل کولن وہ خلاباز ہے جو چاند کے مدار میں چکر کاٹتا رہا لیکن چاند پر اترانہیں۔ یہ تاریخ ہی ہے جس نے ہمیں بتایا ہے۔ ان تمام معلومات کو سجا کر اپنے سنہرے اوراق میں تاریخ نے ہی محفوظ رکھا ہے۔اس لئے تاریخ ایک اہم مضمون ہے۔ ہاں!ایک بات اور تم لوگوں نے تو ضرور سنا ہوگا کہ ۱۹۴۵ ؁ء ۶؍اگست کو جاپان کے شہر ہیرو شیماپر پہلا ایٹم بم امریکہ نے گرایا تھا۔ کیا تم میں کوئی بتائے گاکہ اس ایٹم بم کا نام کیاتھا؟‘‘ سبھی بچے میں سر ہلارہے تھے۔وہ پھر گویا ہوئے۔’’تو سنو زمین کے اُس دشمن کانام تھا لٹل بوائے۔’’(Littlee boy) اب سمجھ میں آیا کہ تاریخ کیوں ضروری ہے؟بچوں نے ایک آواز میں جواب دیا یس سر۔ سرفراز اب دوسری جنگ عظیم کی تمہید بتارہے تھے کہ کلاس کے سکوت کو توڑتی ہوئی ایک آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی۔May I go to drik water sir?(کیا میں پانی پینے جاسکتا ہوں جناب) سرفراز نے تختہ سیاہ کی جانب سے رخ ہٹایا درجہ کے درمیانی حصہ میں ایک چدہ پندرہ سال کی عمر کا طالب علم ملتجی آنکھوں س اُس کی طرف دیکھ رہاتھا۔ چہرے کے تاثرات بتارہے تھے کہ وہ کچھ ڑرا سہما سا ہے۔ سرفراز نے اُسے غور سے دیکھا اور پہچاننے کی کوشش کرنے لگا۔ وہ دھیمے قدموں سے چل کر طالب علم کے نزدیک پہنچایکایک اُسے محسوس ہوا کہ وہ آئینہ جنکے ٹکڑوں نے اس کے جسم کو لہو لہان کردیا تھا ان کی کرچیاں یکجا ہو کر پھر سے آئینہ میں تبدیل ہوگئیں اور وہ اس میں صاف صاف اپنے ماضی کے گزرے دنوں کو دیکھ رہاتھا۔
تعلیم مکمل کرنے کے بعد تلاش روزگار کی جد وجہد مقصد بن گئی ۔ مختلف مقابلہ جاتی امتحانات دیئے اور کامیابی بھی ملی لیکن قسمت دغا دے گئی یا شاید اللہ کی مرضی نہ تھی۔ اُدھر سماج کے لوگ والدین سے مختلف سوالات کرکے اُنہیں پریشان کررہے تھے۔ بیٹے کو نوکری ملی یا کب تک جاب مل جائے گا۔ اب سرفراز کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔ میرا بیٹا ماشاء اللہ اچھا کمارہا ہے‘‘وغیرہ وغیرہ ۔ دن بھر نوکری کی تلاش کے بعد گھر میں داخل ہوتا تو والدین بھی محلّہ والوں کی کہی باتوں کو اس کے سامنے دہراتے۔ ایسی باتیں اُسے ذہنی پریشانی میں مبتلا کردیتیں۔ لوگوں کے طعن اور بے روزگاری نے اُسے متزلزل کردیا۔ ایک دن اس نے اپنے والد سے جھلاتے ہوئے کہا’’ابو میں کیا کروں۔ اتنی کوشش کے باوجود نوکری نہیں مل رہی تو آپ ہی میرے لئے کچھ کریں۔‘‘ نتیجے میں ابو نے ایک شراب کی دکان میں سیلز مین کی حیثیت سے مقرر کردیا۔ حالانکہ یہ کام اُسے قطعی پسند نہ تھا لیکن معاشرے کے نام نہاد عقلمند لوگوں کے بہکاوے میں ابو نے یہ فیصلہ کرلیا۔ مگر وہ جگہ سرفراز کو راس نہیں آئی۔ ایک بار یوں ہوا کہ بارش میں شراب کے شوقین لوگوں کے لئے بھنے ہوئے مرغ اور آملیٹ کی دوپلیٹیں اپنے دونوں ہاتھ میں ہوٹل سے لاکر اُن کے ٹیبل پر پیش کرنا پڑیں۔ مالک کا حکم تو اس نے مان لیا لیکن وہ یہ سوچ کر رونے لگا کہ ’’کیا زندگی کے بیس قیمتی سال حصول علم میں اسی دن کے لئے صرف کئے تھے کہ شرابیوں کے آگے انڈے، مرغ اور شراب کی بوتلیں پیش کروں لعنت ہے میری زندگی پر اس نے والدین سے معذرت چاہ لی۔’’ابو مجھے زہر دے کر ماردیں لیکن اللہ کے واسطے مجھ سے یہ کام نہ ہوگا۔ جو لوگ یہ مشورہ آپ کو دیتے ہیں انہیں ہی مبارک ۔ مجھے اللہ کی ذات پر بھروسہ ہے وہ ضرور کوئی بہتر انتظام کرے گا۔ کچھ ہی دنوں کی کوشش کے بعد سرفراز کو ایک دوا کے ڈسٹریبوٹر کے یہاں ملازمت مل گئی۔ مالک نے اُسے کام کے بارے میں سمجھادیا ۔ یہاں آکر اسے زندگی کا ایک اور تجربہ ہوا کہ ہر ایک آدمی اپنے ذاتی مفاد کی خاطر ہی کسی کی ہمدردی کرتا ہے۔دوا کے اس ڈسٹری بیوٹر نے ویسے تو صرف ٹیبل ورک کرنے کی بات کہی تھی لیکن دن گزرنے کے ساتھ دوکان میں جھاڑو لگانا۔ گھر کی سبزی لانا اس کے بچوں کو اسکول پہنچانا اور واپس لانا۔ دوا کے خریدار آئیں تو ان کے لئے چائے پان پیش کرنا بھی کام میں شمار ہوگیا۔ مجبوری انسان سے سب کچھ کراتی ہے اللہ کی رضا سمجھ کر وہ یہ سب کام کرنے لگا۔ وہ بھول گیا کہ کبھی اس نے انگلش میں ایم۔اے کیاتھااور ایم۔بی۔اے کا کورس پاس کیا تھا۔ وہ توحقیقت کی دنیا میں جی رہا تھا اور حقیقت یہ تھی کہ وہ ایک معمولی نوکر تھا جس کی فرمانبرداری کے عوض ہر ماہ اسکے ہاتھ پر پانچ سو روپئے رکھ دئے جاتے اور وہ اسے اپنا مقدرسمجھ کر خدا کا شکر ادا کرتا۔ دوپہر کے دوگھنٹے کے وقفے میں وہ مطالعہ کرتا تھا تاکہ ملازمت کے مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کرسکے۔ وقت گزرتا رہا۔ اور تین سال کی مدت گزرگئی۔ اسی درمیان لوک سیوا آیوگ میں ہائی اسکول میں اساتذہ کی تقرری کے لئے امتحانات ہوچکے تھے۔ سرفراز نے بھی امتحان دیا اور واپس آکر اپنے کام میں مصروف ہوگیا۔ ایمانداری اور وقت کی پابندی کے باعث سرفراز کا مالک اُسے بہت پسند کرتا تھا اور اکثر باہر کے کام سے جاتے وقت دوکان کی ذمہ داری اس پر سونپ جاتا۔ اس بار بھی وہ بزنس کے سلسلے میں ایک ہفتہ کے لئے باہر جارہا تھا۔ اس نے سرفراز کو تمام باتیں سمجھادیں۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ میرا ایک بھتیجاروی اپنے گھر سے چھٹیوں میں آیا ہوا ہے میری غیر موجودگی میں وہ بھی آفس میں رہے گا ذرا تم اس پر دھیان دینا۔
گرمی اپنے پورے شباب پر تھی۔گرم ہوائیں سائیں سائیں کررہی تھیں۔ سرفراز نے دوپہر وقفہ کے وقت گھر جانے کا ارداہ کیا۔ اس کی مصروفیت کو دیکھتے ہوئے مالک کے بھتیجے روی نے روکھے انداز میں سوال کیا’’کیا بات ہے سرفراز کہیں جانا ہے؟‘‘
ہاں! دوپہر کا وقفہ ہوگیاہے لنچ کے لئے گھر جارہا ہوں۔‘‘سرفراز نے جواب دیا۔
’’تم کہیں نہیں جارہے ہو۔ ابھی بہت کام ہے۔ ایسا کرو جتنے آرڈردوائیں کے آئے ہیں وہ ساری دوائیں نکال کر پیک کردو۔‘‘ روی نے متکبر انداز میں کہا۔
’’لیکن۔۔۔ویکن میں کچھ نہیں جانتا۔ تمہیںیہ سب کام ابھی کرنا ہے اور آج گھر جانے کا ارداہ ترک کردو۔ ایک کم عمر لڑکے کا یہ انداز گفتگو۔۔۔سرفراز حیرت زدہ تھا۔ بہر حال اس نے گھر جانے کا اردہ ترک کردیا۔ کیونکہ وہ نہیں چاہتا تھا کہ اتنی مشکل سے جو ملازمت ملی ہے وہ ہاتھ سے جاتی رہے اور معاشرے کے لوگوں کو طعن وتشنیع کرنے کا موقع ملے اور لوگ اُسے ایک بیکار اور ناکارہ انسان تصور کریں۔ اس نے روی کی بات مان لینے میں ہی عافیت سمجھی۔
’’ٹھیک ہے میں نہیں جارہا لایئے آرڈر دیجئے میں دوائیاں نکالتا ہوں۔‘‘
سرفرازنے دوائیاں نکال کر سب کی پیکنگ کردی۔ بجلی بھی صبح سے گل تھی وہ پسینے سے بھیک گیاتھا۔ ابھی وہ بیٹھا ہی تھا کہ روی نے ریوالونگ چیئر پر جنبش کرتے ہوئے آواز دی۔
سرفراز۔۔۔!’’آیا روی بابو۔‘‘جب وہ نزدیک پانی لینے کے لئے مڑا۔ گرمی بہت تھی۔ بجلی بھی نہیں تھی لہذا اس نے جھجھرسے پانی لے کر گلاس روی کو پیش کردیا۔ روی نے جیسے ہی پانی کا گھونٹ حلق میں اُتاراتلماکر رہ گیا۔اس نے غضبناک نظروں سے سرفراز کو دیکھا۔Stupid man تم سے فریز سے پانی لانے میں ہاتھ ٹوٹ رہا تھا۔ وہ جھلاتے ہوئے چیخا۔’’روی بابو یہ تو جھجھر کا پانی ہے۔ بجلی گل ہے اس لئے فریز بند ہے۔‘‘سرفراز نے اسے سمجھانے کی کوشش کی۔
’’دیکھو سرفراز میں چاچا نہیں ہوں، روی ہوں۔ تم ہمارے نوکر ہو اور نوکر کی طرح رہو۔‘‘ کہتے ہوئے گلاس میں بچا جوٹھا پانی سرفراز کے منھ پر پھینک دیا جس سے ا س کا چہرہ اور سامنے کے کپڑے گیلے ہوگئے۔ سرفرازنے خاموشی سے نظریں جھکالیں پانی سے بھیگے چہرے کو اپنی آستین سے خشک کیا اور دل ہی دل میں اللہ کو یاد کرتا رہا کہاں ہے تو ، دیکھ تیری دی ہوئی دولت پر یہ کم عمر لڑکا کس قدر نازاں ہے کہ انسانی مرتبہ کا بھی لحاظ نہیں تجھے کیسے پکاروں، تیرا ہی وعدہ ہے کہ تو جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے‘‘ کیا میں تیرے اس انعام کا حقدار نہیں۔ زبان بند تھی مگر دل رورہا تھا۔
******
سرفراز کے ابو بہت خوش تھے۔ اُن کے بیٹے کی تقرری ایک ہائی اسکول میں ہوگئی تھی محنت اور صبر کا پھل اللہ نے سرفراز کو عطا کردیا تھا۔وہ اب جانے کی تیاری کررہا تھا۔ اس نے اپنے مالک کو بھی یہ خبر سنائی ۔ مالک نے اپنی خوشی کا اظہار کیا ساتھ یہ بھی دریافت کیا کہ اس کی غیر موجودگی میں کوئی دقت تو پیش نہیں آئی۔ ایک لمحے کے لئے سرفراز کے سامنے وہ تمام مناظر گھوم گئے لیکن وہ خاموش رہا اور رخصت لے کر گھر لوٹ آیا۔ والد نے پٹنہ جانے والی بس پر سوار کراتے ہوئے ہدایت کردی کہ اسکول جوائن کرنے کے بعد فوراً اطلاع کردینا۔May I go to drik water sir (کیا میں پانی پینے کے لئے جاسکتا ہوں جناب) دوبارہ اس آواز نے اسے ماضی سے حال میں لاکھڑا کیا۔ یہ آواز جانی پہچانی تھی۔ سرفراز نے نزدیک جاکر اس سے پوچھا تم روی ہونا۔۔۔؟روی کی نگاہیں خوف وشرمندگی سے جھک گئیں اور درجہ میں دوسری باوقار آواز گونجی۔yes,you can go (ہاں ہاں تم پانی پینے جاسکتے ہو)روی بھاری قدموں سے درجہ کے باہر جارہا تھا۔ سرفراز کی آنکھیں آسمان پر اُٹھی ہوئی تھیںآنکھوں میں شکر کا سیلاب امنڈرہا تھا۔ اور ہونٹ لرزرہے تھے بیشک تو جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے تو جسے چاہتا ہے ذلت دیتا ہے۔‘‘
گھنٹے کی آواز نے احساس کرایا کہ تاریخ کا گھنٹہ مکمل ہوچکا ۔سرفراز تیز تیز قدموں سے باہر نکل نکل گیا۔

No comments:

Post a Comment